دفتر میں پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں – DW – 09.09.2024
  1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دفتر میں پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں

9 ستمبر 2024

نوکری بھی ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ یاد رکھیے کہ ہمیں دفتر کے ماحول کا خیال رکھتے ہوئے اپنے ذاتی مسائل بیان نہیں کرنے چاہییں۔ دفتر میں متوازن رویہ اپنائیں تاکہ کولیگ بھی آپ کے ساتھ پیشہ ورانہ برتاؤ اپنائیں۔

https://p.dw.com/p/4kQOe
DW Urdu Blogerin Tehreem Azeem
تصویر: privat

ہم دفتر میں اپنے دن کا ایک بڑا اور اہم حصہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے گزارتے ہیں۔ ایسے میں ہم فطری طور پر اپنے دفتر میں ایک خوشگوار ماحول کی خواہش کرتے ہیں۔ ادارے بھی اپنے ملازمین کو کام کرنے کے لیے بہترین اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ تاہم کبھی کبھار اس کوشش میں پیشہ ورانہ حدود عبور ہو جاتی ہیں۔ 

کبھی باس اپنے ماتحت کی ذاتی زندگی میں دلچسپی لے رہے ہوتے ہیں تو کبھی ملازمین اپنے ذاتی سوالات سے ایک دوسرے کو غیر آرام دہ صورتحال میں ڈال دیتے ہیں۔ ایسی پیچیدہ صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم پہلے دن سے ہی کام کی جگہ پر اپنی واضح حدود قائم کریں اور دوسروں کو بھی ان حدود کا احترام کرنے کا کہیں۔

اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ آپ اتنے سرد مہر ہو جائیں کہ کوئی آپ سے بات کرنے سے ہچکچائے لیکن ایسا بھی نہ ہو کہ لوگ آپ کو غیر سنجیدہ سمجھ کر آپ کی باتوں اور کام کو اہمیت دینا چھوڑ دیں۔ بس ایک متوازن رویہ اختیار کریں۔ کسی سے ملیں تو سلام دعا کر لیں، حال احوال پوچھ لیں، لیکن ذاتی سوالات سے گریز کریں۔ اگر کوئی اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بتائے تو وہ تفصیلات آگے نہ بتائیں اور نہ ہی اس کے جواب میں اپنی ذاتی باتیں شیئر کرنا شروع کر دیں۔ یاد رکھیں، بعض لوگ اس طرح حاصل کی گئی معلومات کو بعد میں آپ کے خلاف استعمال کر سکتے ہیں۔ 

حدود قائم کرنا اور برقرار رکھنا ایک نازک عمل ہے۔ ہم اپنے سے بڑے افراد کو واضح طور پر اپنی حدود نہیں بتا پاتے۔ ہم  ان کی عمر اور عہدے کا لحاظ کرتے رہ جاتے ہیں لیکن دفتری ماحول میں ہماری یہ مروت ہمارے ہی گلے پڑ سکتی ہے۔ اس لیے طریقے سے انہیں اپنی اور ان کی حدود بتا دیں۔ اس کے لیے مسکراہٹ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آپ کی دوستانہ مسکراہٹ ان کی حوصلہ شکنی کرے گی اور وہ سمجھ جائیں گے کہ وہ آپ سے اس حد تک بے تکلف نہیں ہو سکتے۔ 

دفتر میں اپنی حدود قائم کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سے بالکل کٹ نہ جائیں۔ دفتر میں ہونے والی خوش آمدید اور الوداعی تقریبات میں شرکت کریں۔کبھی کبھار ساتھیوں کے ساتھ کھانا کھانے یا مشروبات پینے کے لیے جانا بھی مناسب ہے۔ ان مواقع پر ہلکی پھلکی گفتگو کریں اور انہیں بہتر طور پر جاننے کی کوشش کریں۔ تاہم، ایسا کرتے ہوئے اپنی حد پار نہ کریں۔ نہ ان سے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں پوچھیں نہ انہیں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بتائیں۔

یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ آپ کا ان لوگوں سے بنیادی تعلق کام کا ہے۔ وہ نہ تو آپ کے قریبی دوست ہیں اور نہ ہی آپ کے ماہرِ نفسیات۔ آپ کو روزانہ ان کے ساتھ پیشہ ورانہ ماحول میں کام کرنا ہے۔ اس لیے آپ کا دوستانہ تعلق اس حد تک ہونا چاہیے جو آپ کے کام کے تعلق کو متاثر نہ کرے۔

کسی کے سامنے اپنی پریشانیوں اور مشکلات کا ذکر نہ کریں۔ سب کی زندگی ایک سی ہوتی ہے۔ ہر کسی کی زندگی میں پریشانیاں اور مشکلات ہوتی ہیں۔ اپنی پریشانیوں کو بار بار دہرا کر ہم انہیں حل نہیں کر سکتے۔ اپنے دفتر کے ساتھیوں کو اپنی پریشانیاں بتا کر ہم اپنی کمزوری ان کے حوالے کر دیتے ہیں۔ وہ اس کمزوری کا کبھی بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ 

دفاتر میں پیشہ ورانہ ماحول رہنا بے حد ضروری ہے۔ ہمیں اس ماحول کا احترام کرنا چاہیے اور اس بات کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہاں کوئی ہمارے ذاتی مسائل یا تبدیل ہوتے مزاج کو سنبھالنے یا برداشت کرنے کے لیے موجود نہیں ہے۔ اس لیے اپنی ذاتی زندگی کی پریشانیوں کو گھر پر ہی چھوڑ کر آئیں۔ دفتر میں ایک متوازن اور سنجیدہ رویہ اپنائیں۔ 

جب آپ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ذاتی معاملات میں کم الجھیں گے توآپ اپنے کام کو زیادہ توجہ دے سکیں گے۔ مسلسل گپ شپ، ذاتی مسائل پر بحث، یا دفتری سیاست سے دور رہ کر آپ اپنےپیشہ ورانہ اہداف کو بہتر طور پر حاصل کر سکیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ آپ تنازعات کا شکار ہونے سے بھی بچیں گے۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف آپ کے کیریئر کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ آپ کا ایک احترام کے قابل پیشہ ور کے طور پر تصور بھی قائم کرے گا۔ 

لوگ دفاتر میں ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ مشکلات پیدا نہیں کرتے۔ آپ ایسے انسان بنیں گے تو آپ کے ساتھی آپ کو نئی نوکریوں، پراجیکٹس، یا کاروباری مواقع کے بارے میں بتائیں گے۔ ہو سکتا ہے وہ اپنے جاننے والوں کے سامنے آپ کی سفارش کریں یا کسی کام کے لیے آپ کا نام پیش کریں۔ 

لیکن ایسا وہ تب ہی کریں گے جب انہیں یقین ہوگا کہ آپ ایک پیشہ ورانہ ماحول میں ایک سنجیدہ پیشہ ور انسان کی طرح رہتے ہیں۔ ایک ایسا انسان جو ایک متوازن دوستانہ ماحول برقرار رکھتے ہوئے اپنا کام سرانجام دیتا ہے اور جس کے ساتھ کام کرنے کا سن کے دیگر لوگ پریشان نہیں ہوتے بلکہ خوشی محسوس کرتے ہیں۔ 

نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔