ایران: کوئلے کی کان میں دھماکہ، کم از کم 51 افراد ہلاک – DW – 22.09.2024
  1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: کوئلے کی کان میں دھماکہ، کم از کم 51 افراد ہلاک

22 ستمبر 2024

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اس واقعے میں پچاس سے زائد ہلاکتوں کے علاوہ تقریباﹰ بیس افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی وجہ کوئلے کی کان کے دو بلاکس میں میتھین گیس کی لیکیج بتائی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/4kwfN
ایران میں ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہے
ایران میں ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہےتصویر: Iranian Red Crescent Society/WANA/REUTERS

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں واقع ایک کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم 51 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ابتدائی رپورٹوں کے مطابق اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد تیس اور زخمیوں کی سترہ بتائی گئی تھی۔ تاہم ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کی ایک اپڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 51 اور زخمیوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔

ایران میں ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہے
ایران میں ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہےتصویر: Iranian Red Crescent Society/Anadolu/picture alliance

ملکی دارالحکومت تہران سے جنوب مشرق کی طرف تقریباﹰ 540 کلومیٹر دور طبس میں واقع کوئلے کی کان میں دھماکہ ہفتے کی رات مقامی وقت کے مطابق نو بجے کے قریب ہوا۔ اس دھماکے کی وجہ کان کے دو بلاکس میں میتھین گیس کی لیکیج بتائی جا رہی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکے کے وقت ان دونوں بلاکس میں مجموعی طور پر 69 ورکرز موجود تھے۔

ایران میں ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہے
ایران میں ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہےتصویر: Isna

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کان میں پھنسے ورکرز اور لاشوں کو نکالنے کے ساتھ ساتھ اس واقعے کی تحقیقات کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

تاہم مقامی پراسیکیوٹر علی نسائی کے مطابق کان میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو مشکل کا سامنا ہو رہا ہے۔ ارنا کے مطابق انہوں نے کہا، ''اس وقت ہماری ترجیح زخمیوں کو امداد پہنچانا اور لوگوں کو ملبے سے نکالنا ہے۔‘‘

م ا ⁄ ع آ (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)